بھٹکل،5؍ نومبر (ایس او نیوز) جالی گرام پنچایت، ہیبلے گرام پنچایت اور ٹی ایم سی بھٹکل کے حدود میں انڈر گراونڈ ڈرینیج کے سلسلے میں کھدائی کے بعد ٹھیکیدار کی طرف سے سڑکوں کو درست نہ کرنے کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا بھٹکل یونٹ نے میمورنڈم دیا۔
تحصیلدار کے توسط سے ڈپٹی کمشنر کے نام دئے گئے میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 3 سال گجرات کی ایک ٹھیکیدار کمپنی نے یو جی ڈی کا کام کرنے کے لئے اچھی خاصی سڑکوں کو کھود کر گڈھے بنائے اور کام پورا ہونے کے بعد گڈھوں کو بھر کر سڑکوں کو واپس درست حالت میں لانے کے بجائے اسے یونہی ٹوٹی پھوٹی شکل میں چھوڑ دیا گیا ہے ۔ جس سے عوام اور سواریوں کو بہت زیادہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ اس مسئلہ پر 05/09/22 کو موسیٰ نگر میں ایس ڈی پی آئی نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر احتجاجی مظاہرا کیا اور اُس وقت بھٹکل تحصیلدار نے احتجاج کے مقام پر پہنچ کر مظاہرین اور متاثرین سے بات چیت کی تھی اور متعلقہ انجینئر کو وہاں طلب کرکے ہدایت دی تھی کہ سڑکوں کو درست کرنے کا کام ایک مہینے کے اندر مکمل کیا جائے ۔ لیکن آج ایک مہینہ گزرنے کے بعد بھی اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ اس تعلق سے ٹھیکیدار سے دریافت کرنے پر جواب ملتا ہے کہ ان کے بِل پاس نہیں ہوئے ۔ نتیجہ یہ ہوا ہے کہ سڑکیں اسی خستہ حالت میں پڑی ہوئی ہیں اور عوام کو تکلیف جھیلنا پڑ رہا ہے ۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اس معاملے میں دلچسپی لیں اور عوام کو اس تکلیف سے راحت دلانے کے لئے فوری طور پر سڑکوں کو درست کروانے کی ہدایات دیں ۔ آئندہ پانچ دنوں کے اندر ڈپٹی کمشنر خود موقع پر پہنچیں اور ہم لوگوں کو طلب کرکے حالات کا جائزہ لیں اور مسائل حل کریں ورنہ بصورت دیگر عوام ان سڑکوں کو پوری طرح بند کرتے ہوئے سخت احتجاجی مظاہرہ کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔